اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیر افضل خان مروت نے کہا ہے کہ میں نے پی ٹی آئی جلسے کے لیے بڑے بڑے دعوے کیے اس پر کارکنوں سے معذرت چاہتا ہوں۔
پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سب سے پہلے میں پی ٹی آئی کے ان تمام کارکنوں سے دلی معذرت چاہتا ہوں جو 22 اگست کے جلسے میں شرکت کے لیے پاکستان کے کسی بھی کونے سے اسلام آباد آئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ جب قیادت کی طرف سے اعلان ہوا تو میں سو رہا تھا اور جب میں بیدار ہوا تو پولیس نے اس گھر پر چھاپہ مارا جہاں میں ٹھہرا ہوا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: اب اگر جلسہ منسوخی کی اطلاع آئے تو آپ نے نہیں ماننا، عمران خان کا کارکنوں کو پیغام
شیر افضل مروت نے کہا کہ میں نے جلسے میں شرکت سے متعلق عوام کو ترغیب دینے اور مدعو کرنے کے لیے کئی ویڈیو پیغامات جاری کیے تھے۔ میں نے بڑے بڑے دعوے کیے تھے کہ جلسہ ہر حال میں ہو گا لیکن مجھے نہیں معلوم تھا کہ کسی بھی بدلے ہوئے فیصلے پر مجھے اعتماد میں نہیں لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کارکن اب قیادت کو گالیاں دے رہے ہیں اور میں بھی اس سے مستثنی نہیں ہوں۔ تازہ ترین تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے اور مستقبل میں شرمندگی سے بچنے کے لیے میں نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ کسی بھی جلسے یا ریلی سے متعلق کوئی دعویٰ یا وعدہ نہیں کروں گا۔ جب تک کہ مجھے اس کی ذمہ داری خصوصی طور پر نہ دی جائے۔ بصورت دیگر میں کوئی بھی ذمہ داری لینے سے باز آؤں گا۔ میں خان کے مقصد کے لیے کام جاری رکھوں گا۔