پی ٹی آئی کی جانب سے ترنول میں جلسے کی کال کے معاملے پر پولیس نے اسلام آباد کے داخلی راستے سیل کر دیے ہیں، میٹرو بس سروس بھی بند رہے گی۔
ریڈ زون کو کنٹینرز لگا کر مکمل سیل کر دیا گیا ہے، ڈبل روڈ اور 26 نمبر چورنگی کو بھی پولیس نے مکمل سیل کر دیا، راستوں کی بندش کے باعث گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
راولپنڈی اور اسلام آباد میں میٹرو بس سروس بھی معطل ہے جبکہ فراہم کردہ متبادل راستوں پر راولپنڈی پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے، راولپنڈی میں 24 اگست تک دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے اور انتظامیہ نے شہر میں جلسے، جلوس، ریلیوں اور مظاہروں پر پابندی عائد کردی ہے۔ اسلام آباد میں تمام تعلیمی ادارے بھی بند ہیں۔
اسلام آباد انتظامیہ نے پی ٹی آئی جلسےکا این او سی منسوخ کردیا
واضح رہے کہ اسلام آباد انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو جلسے کے لیے جاری کردہ این او سی بھی منسوخ کر دیا ہے، دوسری جانب تحریک انصاف نے ہر صورت ترنول میں جلسہ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے، دوسری جانب مذہبی جماعتوں نے بھی آج اسلام آباد میں احتجاج اور مظاہرے کی کال دے رکھی ہے، جس کی وجہ سے انتظامیہ نے کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے یہ اقدامات کیے۔
ضلعی انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت کی مجموعی صورتحال کے پیشِ نظر میٹرو بس سروس صدر اسٹیشن تا پاک سیکریٹریٹ تک مکمل بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔اسلام آباد میں احتجاج کے پیش نظر سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔مارگلہ ایونیو جی ٹی روڈ سے بند کردیا گیا، ریڈ زون میں داخلے کیلئے صرف مارگلہ ایونیو کو کھلا رکھا گیا ہے۔