شمالی کوریا رواں سال غیر ملکی سیاحوں کی آمد کھول دے گا

North Korea

فائل فوٹو


پیانگ یانگ: شمالی کوریا رواں سال دسمبر میں غیر ملکی سیاحوں کی آمد کھول دے گا۔ کرونا کے سبب شمالی کوریا میں تقریباً 5 برس سے غیر ملکی سیاحوں کی آمد پر پابندی ہے،

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق شمالی کوریا میں مقامی شراکت دار کمپنی نے تصدیق کی ہے کہ سامجیون اور غالباً بقیہ ملک کے لیے سیاحتی پروازیں سرکاری طور پر دسمبر 2024 میں دوبارہ شروع ہو جائیں گی۔

چین کے ساتھ سرحد پر پہاڑی علاقے کے نزدیک واقع شمالی کوریا کے شہر سامجیون کو پائکٹو پہاڑ پر داخلے کا راستہ شمار کیا جاتا ہے۔

سرکاری معلومات کے مطابق آنجہانی سربراہ کِم جونگ اِل اسی شہر میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کے بیٹے اور جاں نشین کِم جونگ ان نے علاقے کو ترقی دینے اور وہاں ہوٹلوں اور اسکائی ریزورٹ کی تعمیر کے لیے بے تحاشا وسائل مختص کیے۔

رپورٹ کے مطابق سیاح رواں سال موسم سرما میں سامجیون کے علاقے میں سیاحت کے لیے جا سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: مجھے قتل کرنے کی کوشش ہو سکتی ہے ، سعودی ولی عہد

واضح رہے کہ شمالی کوریا نے کوویڈ کی وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 2020 کے اوائل میں اپنی سرحد بند کر دی تھی۔ یہاں تک کہ اس نے اپنے شہریوں کو بھی کئی برس تک ملک میں داخلے سے روک دیا۔

سال 2023 کی دوسری ششماہی میں شمالی کوریا نے بین الاقوامی فضائی پروازوں کا دوبارہ آغاز کیا۔ اس طرح شمالی کوریا کے بیرون ملک پھنسے ہوئے شہریوں کو اپنے گھروں کو واپسی کا موقع ملا۔ کورونا کی وبا سے قبل شمالی کوریا میں سیاحوں کی آمد محدود تھی اور ان کی سالانہ تعداد تقریبا 5 ہزار تھی۔

شمالی کوریا کی سیاحتی منڈی میں امریکیوں کا تناسب 20 فی صد تھا۔ بعد ازاں ایک امریکی طالب اوٹو وارمپیر کی قید اور پھر موت کے سبب واشنگٹن نے شمالی کوریا کے سفر پر پابندی عائد کر دی تھی۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں