پشاور: سرکاری جامعات کی اراضی فروخت کرنے کا فیصلہ چیلنج

KPK

پشاور: خیبر پختونخوا حکومت کا سرکاری جامعات کی اراضی فروخت کرنے کا فیصلہ عدالت میں چیلنج کردیا گیا۔

پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر محمد علی شاہ کی جانب سے خیبر پختونخوا حکومت کے سرکاری جامعات کی اراضی فروخت کرنے کے معاملے کو پشاور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا۔

عدالت میں دائر کی گئی درخواست میں سیکرٹری ہائر ایجوکیشن، سیکرٹری فنانس، یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز کو فریق بنایا گیا ہے۔ عدالت میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ حکومت کے پاس جامعات کی اراضی فروخت کرنے کا اختیار نہیں۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ جو اراضی فروخت ہونے جا رہی ہیں اس پر اداروں کے لیے عمارتیں کھڑی کی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اگر میں نے منہ کھولا تو سب سے زیادہ نقصان پی ٹی آئی کو ہوگا، شیرافضل مروت

ہزاروں ایکڑ اراضی کو تعلیمی اداروں اور دیگر مقاصد کے لیے حاصل کیا گیا۔ حکومت اپنے اخراجات کم کرنے کے بجائے سرکاری جامعات کی اراضی فروخت کرنا چاہتی ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ پشاور ہائی کورٹ ہزاروں ایکڑ اراضی کی ممکنہ فروخت روکنے کا حکم دے۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں