اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر 7 اگست سے طالبات اور خواتین اساتذہ کے لیے مخصوص پنک بسیں دستیاب ہوں گی۔
وزارت تعلیم کے مطابق یہ پنک بسیں تمام بڑے راستوں پر چلیں گی۔ دیہی علاقوں کو شہری مراکز سے جوڑ کر ان کے لیے سفر کو آسان اور محفوظ بنائیں گی۔
پنک بسوں کی دستیابی سے طالبات اور خواتین اساتذہ کے لیے مفت، محفوظ اور آسان نقل و حمل ممکن ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں: آئی پی پیز کی مہنگی بجلی، چیئرمین نیپرا نے غلطی کا اعتراف کر لیا
ذرائع محکمہ تعلیم کے مطابق ان ٹرانسپورٹس سے لڑکیوں کی تعلیم اور خواتین کو بااختیار بنانے کی حوصلہ افزائی ہو گی۔ اسلام آباد کے تمام بڑے روٹس پر پنک بسیں چلنے سے دیہی علاقوں کو شہری مراکز بشمول تعلیمی اداروں سے منسلک کرنے میں مدد ملے گی۔
محکمہ تعلیم کے حکام کا مزید کہنا تھا کہ اس آپریشن کو یقینی بنانے کے لیے باقاعدہ نگرانی اور تشخیص یقینی بنائی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد اسلام آباد میں لڑکیوں کی تعلیم، خواتین کو بااختیار بنانے اور جامع ترقی کو فروغ دینا ہے۔