لاہور: پنجاب حکومت نے بسنت 2027 کے موقع پر پتنگ بازی کے لیے نئے قواعد و ضوابط جاری کر دیئے۔ جن پر عملدرآمد کی آخری تاریخ 30 دسمبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر جاری کیے گئے ان ضوابط کا مقصد شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ حکومت نے تمام شہریوں، عمارت مالکان اور ایونٹ منتظمین کے لیے ان پر عملدرآمد لازمی قرار دیا ہے۔
نئے قواعد کے مطابق پتنگ بازی صرف محفوظ اور مضبوط چھتوں پر کی جا سکے گی۔ جبکہ چھت کی چار دیواری کی کم از کم اونچائی ساڑھے 3 فٹ ہونا ضروری ہو گی۔
بچوں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے والدین اور سرپرستوں کو مسلسل نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے۔ اور بچوں کو بغیر نگرانی چھت کے کناروں کے قریب جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔
حکومت نے چھتوں پر بھاگنے، کودنے، کناروں سے لٹکنے اور جارحانہ انداز میں پتنگ لوٹنے پر مکمل پابندی عائد کر دی۔ جبکہ گنجائش سے زیادہ افراد کے جمع ہونے پر بھی پابندی ہو گی۔
ضوابط کے تحت اونچی آواز میں موسیقی، ڈی جے سسٹمز اور شور پیدا کرنے والے آلات کے استعمال پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ اور ہمسایوں کے لیے پریشانی کا باعث بننے والی سرگرمیوں کو قابل سزا جرم قرار دیا گیا ہے۔
تمام مقامات پر فرسٹ ایڈ کٹ کی موجودگی لازمی قرار دی گئی ہے، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ریسکیو 1122 سے فوری رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آئندہ تین روز تک ملک کے مختلف حصوں میں بارش کا امکان
حکومت نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی حادثے یا خلاف ورزی کی صورت میں عمارت مالکان اور ایونٹ منتظمین کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام کو سو فیصد عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے گزشتہ بسنت کے دوران شہریوں کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ 2027 میں بھی محفوظ بسنت کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے گا۔ اور انسانی جانوں سے کھیلنے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔
