اسلام آباد: پاکستان میں پیٹرول کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے جبکہ آئندہ مہینوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ایسے میں ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ چند سادہ عادات اپنا کر ماہانہ ایندھن کے اخراجات میں نمایاں کمی لا سکتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اگرچہ الیکٹرک گاڑیوں کا استعمال دنیا بھر میں بڑھ رہا ہے۔ تاہم ابھی بھی بڑی تعداد میں لوگ روایتی ایندھن پر چلنے والی گاڑیاں استعمال کر رہے ہیں۔ جس کے باعث پیٹرول کی بچت انتہائی اہم ہو گئی ہے۔
سفر سے قبل منصوبہ بندی نہایت ضروری ہے۔ کم ٹریفک والے راستوں کے انتخاب کے لیے گوگل میپ جیسی ایپس مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔ کیونکہ غیر ضروری تاخیر سے ایندھن کا خرچ بڑھ جاتا ہے۔
اسی طرح ٹائر پریشر کا درست ہونا بھی نہایت اہم ہے، کیونکہ کم ہوا والے ٹائروں سے پیٹرول زیادہ خرچ ہوتا ہے۔ رفتار کو کنٹرول میں رکھنا بھی ضروری ہے، کیونکہ زیادہ رفتار سے مائلیج کم ہو جاتی ہے۔
ماہرین کے مطابق کھڑکیاں کھول کر گاڑی چلانے کے بجائے ائیرکنڈیشنر کا استعمال بہتر رہتا ہے کیونکہ ہوا کی مزاحمت کم ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ گاڑی میں غیر ضروری وزن رکھنے سے بھی گریز کرنا چاہیے کیونکہ اضافی وزن ایندھن کے خرچ میں اضافہ کرتا ہے۔
جارحانہ ڈرائیونگ، اچانک بریک لگانا اور بار بار رفتار میں تبدیلی بھی پیٹرول کے ضیاع کا باعث بنتی ہے۔ اس لیے ہموار اور متوازن رفتار برقرار رکھنا زیادہ مفید ہے۔
اگر گاڑی ایک منٹ سے زیادہ رکی رہے تو انجن بند کر دینا چاہیے۔ کیونکہ بلاوجہ انجن چلانے سے ایندھن ضائع ہوتا ہے۔ گاڑی کی صفائی، درست گیئر کا استعمال اور پیٹرول ٹینک کے ڈھکن کی درست حالت بھی مائلیج بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت نے بسنت 2027 کیلئے نئے حفاظتی ضوابط جاری کر دیئے
ماہرین کا کہنا ہے کہ ان احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے نہ صرف پیٹرول کے اخراجات کم کیے جا سکتے ہیں بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں بھی کمی لائی جا سکتی ہے۔
