اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی کو رپورٹ پیش کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ بڑی سوشل میڈیا کمپنیاں پاکستان میں رجسٹریشن کیلئے تیار نہیں ہیں۔
پی ٹی اے نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی آئی ٹی کو رپورٹ پیش کر دی جس میں بتایا گیا کہ تمام بڑی سوشل میڈیا کمپنیوں سے پاکستان میں رجسٹریشن کے لیے رابطہ کیا گیا لیکن کسی کی جانب سے مثبت جواب نہیں ملا۔
رپورٹ کے مطابق فیس بک، انسٹاگرام اور یوٹیوب سمیت دیگر پلیٹ فارمز سے پاکستان میں رجسٹریشن کے لیے رابطہ کیا گیا۔ تاہم ان کی جانب سے کوئی مثبت جواب موصول نہیں ہوا۔
پی ٹی اے حکام نے بتایا کہ سوشل میڈیا کمپنیوں کو فوجداری مقدمات کا خدشہ لاحق ہے۔ جس کے باعث وہ پاکستان میں اپنے دفاتر قائم کرنے سے گریزاں ہیں۔ اس کے علاوہ ریگولیٹری وضاحت کا فقدان اور موجودہ کاروباری ماحول بھی اہم رکاوٹیں قرار دی گئی ہیں۔
پی ٹی اے نے وزیر دفاع کی اسرائیل سے متعلق پوسٹ ایکس سے ہٹانے کے معاملے کی بھی رپورٹ پیش کر دی۔ جس میں کہا گیا کہ مذکورہ ٹویٹ کی بحالی کے لیے شکایت کنندہ کی جانب سے کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی۔ اس لیے اب تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں سیٹلائٹ انٹرنیٹ کی منظوری آخری مرحلے میں داخل
پی ٹی اے نے واضح کیا ہے کہ اگر اس حوالے سے کوئی باضابطہ شکایت موصول ہوتی ہے تو مقررہ طریقہ کار کے تحت مناسب اقدام کیا جائے گا۔
