اسلام آباد: ایپلٹ ٹربیونل نے ریٹرننگ افسران (آراوز) کے فیصلوں کے خلاف دائر اپیلوں کی سماعت کل بروز منگل تک ملتوی کردی۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اورسردار مہتاب عباسی ایپلٹ ٹریبونلز میں پیش ہوئے تھے۔
ایپلٹ ٹریبونل کے سربراہ اوراسلام آباد ہائی کورٹ کے جج محسن اختر کیانی نے دوران سماعت کہا کہ سوال یہ تھا کہ آپ نے اپنے حلقے میں کیا کام کیے؟ تو سابق وزیراعظم نے جواب میں لکھا میں ٹیکس دیتا ہوں میرا وقار برقرار رہا۔
ایپلٹ ٹریبونل کے سربراہ نے ریمارکس دیے کہ لوگوں کو سوال ہی سمجھ نہیں آئے۔
ایپلٹ ٹریبونل کے سربراہ نے دوران سماعت ریمارکس دیے کہ سوچ لیں اورکل تک عدالت کی معاونت کریں۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور پاکستان ملسم لیگ ن کے سردار مہتاب عباسی کے کاغذات نامزدگی کواسلام آباد کے حلقے این اے 53 سے ریٹرننگ افسر نے مسترد کردیا تھا ۔
ن لیگ کے انتخابی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی بیان حلفی کی شق ‘این’ کے تحت نہ ہونے پر مسترد کیے گئے ہیں ۔
شق ’این‘ کہتی ہے کہ انتخابی امیدواروں کو اپنے حلقہ انتخاب میں مفاد عامہ کے لیے کیے گئے کاموں کی تفصیلات فراہم کرنا لازمی ہیں۔
سابق وزیراعظم نےاپنے وکیل کے ذریعے سے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے ایپلٹ ٹریبونل سے استدعا کی تھی کہ ریٹرننگ افسر کےفیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے این اے 53 اسلام آباد سے الیکشن لڑنے کی اجازت دی جائے۔
و اضح رہے کہ ملک بھر میں ہائی کورٹ کے ججوں پرمشتمل 21 ٹربیونل بنائے گئے ہیں جو 27 جون تک اپیلوں سے متعلق فیصلے کریں گے۔