الخدمت فاؤنڈیشن نے اپردیر میں 56ویں اسپتال کا افتتاح کر دیا

Alkhidmat Hospital

راولپنڈی: الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے 10 کروڑ روپے مالیت کے 56ویں اسپتال کا افتتاح کر دیا۔

خیبر پختونخوا کے علاقے اپردیر میں الخدمت حمیدہ ممتاز اسپتال کی افتتاحی تقریب میں مرکزی صدر الخدمت فاؤنڈیشن ڈاکٹر حفیظ الرحمن، ریجنل صدر خیبر پختونخوا خالد وقاص، سابق صوبائی وزیر عنایت اللہ خان سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔

صدر الخدمت فاؤنڈیشن ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 30 بیڈز پر مشتمل الخدمت حمیدہ ممتاز اسپتال اپردیر 2 کنال کے رقبے پر قائم کیا گیا ہے۔ جہاں پسماندہ طبقات سمیت عوام الناس کو سستی اور معیاری جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ سہولیات میسر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جلد دوسرے مرحلے میں اسپتال میں مزید 30 بیڈز کا اضافہ کر دیا جائے گا۔

ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن اس سے قبل پاکستان بھر میں 55 اسپتالوں، ہیلتھ سینٹرز، ڈائیگناسٹک سینٹرز اور موبائل ہیلتھ یونٹ کے ذریعے پسماندہ افراد کے لیے لائف لائن کے طور پر کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک نئے جدید اسپتال کے قیام سے علاقے کے عوام کو خاطر خواہ فوائد حاصل ہوں گے۔

صدر الخدمت فاؤنڈیشن نے کہا کہ گزشتہ برس الخدمت نے 9 ارب 16 کروڑروپے کی خطیر رقم سے ایک کروڑ سے زائد مریضوں کی خدمت کی۔ ڈونرزاور رضاکار ہمارا اثاثہ ہیں۔ جن کی بدولت ہم دکھی انسانیت کے مشن کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔


متعلقہ خبریں