الیکشن سے قبل دھاندلی کردی گئی ہے، مخدوم جاوید ہاشمی

javeed hashmi

ملتان: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما مخدوم جاوید ہاشمی نے دعویٰ کیا ہے کہ الیکشن سے قبل دھاندلی کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) پہ کڑا وقت ہے۔ آئندہ عام انتخابات میں اپنی شرکت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پارٹی کی مرکزی قیادت میں شامل ایک فرد کے کہنے پر اپنے انتخابی کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چھ ماہ قبل کہہ چکا ہوں کہ آئندہ انتخاب میں حصہ نہیں لوں گا لیکن خاندان اورحلقے  کے لوگوں کا کہنا تھا کہ الیکشن میں حصہ لوں۔

سابق رکن قومی اسمبلی مخدوم جاوید ہاشمی نے اپنے حلقہ انتخاب کے متعلق بتایا کہ حلقہ این اے 158 شجاع آباد کا 60 فی صد حصہ ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ ان علاقوں سے ہمیشہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے مقابلے میں الیکشن جیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملتان جلسے میں نوازشریف سے کہا کہ آپ وعدے سے آزاد ہیں اور میں نے گیارہ جون تک انتخابی کاغذات نامزدگی  نہیں بھرے تھے۔ مخدوم رشیدیہ کے گدی نشین مخدوم جاوید ہاشمی نے تسلیم کیا کہ میرے لیے زیادہ ضروری ن لیگ میں شمولیت کی دعوت تھی کیونکہ میں (ن) لیگ سے ختم کیے گئے رشتے کی بحالی چاہتا تھا۔

مخدوم جاوید ہاشمی نے بتایا کہ انہوں نے آج تک پارٹی ٹکٹ کے لیے کوئی درخواست نہیں دی اور ہرموقع پر عوام کے پاس موجود رہے۔

انہوں نے کہا  کہ میرا مشن تھا پارلیمنٹ پانچ سال کی مدت پوری کرے۔

اسلامی جمعیت طلبا کے پلیٹ فارم سے طلبا سیاست میں قدم رکھنے والے بزرگ سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ میں گیارہ مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوا ہوں اورحلقے کے بجائے ہمیشہ ملکی سیاست کی ہے۔


متعلقہ خبریں