اسلام آباد: متحدہ قبائل پارٹی کی جانب سے عام انتخابات مؤخر کرنے کے لیے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کردی گئی ہے۔
متحدہ قبائل پارٹی کے سربراہ حبیب ملک اورکزئی کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ فاٹا کے علاقے میں فوری طور پر صوبائی نشستوں کے لیے نئی حلقہ بندیاں کرائی جائیں اور فاٹا سمیت ملک بھر کی صوبائی نشستوں پر انتخابات ایک ہی روز کرائے جائیں۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن ایکٹ 2017 کی شق 20 کے تحت فاٹا میں بھی نئی حلقہ بندیاں کرکے انتخابات کرائے جائیں اور ملک بھر سے انتخابات کو مؤخر کرنے کی درخواستوں کو بھی نئی درخواست کا حصہ بنایا جائے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ آئندہ عام انتخابات کو چار ماہ کے لیے مؤخر کیا جائے اور انتخابات جولائی کے بجائے نومبر میں کرائے جائیں، درخواست کے ساتھ سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا خط اور سابق وزیر داخلہ بلوچستان کی انتخابات کو مؤخر کرنے کی قرارداد کو بھی شامل کیا گیا ہے۔