جیپ دریائے کنہار میں جا گری، 10 افراد جاں بحق


مانسہرہ: مسافروں سے بھری جیپ دریائے کنہار میں گرنے سے دس افراد جاں بحق ہو گئے۔

حادثہ  مانسہرہ کے علاقے وادی کاغان میں  پارس سے بیلہ سچاں جانے والی جیپ کو اس وقت پیش آیا جب وہ ایک خطرناک موڑ کاٹتے ہوئے ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہو کر سینکڑوں فٹ نیچے دریا میں جا گری، اطلاعات کے مطابق حادثہ پارس سے دو گھنٹے کی مسافت پر پیش آیا۔

حادثے کا شکار ہونے والی بد قسمت جیپ میں 15 افراد سوار تھے، اس افسوسناک  حادثے میں چھ  خواتین اور تین بچوں سمیت دس افراد جاں بحق ہو گئے جب کہ پانچ افراد شدید زخمی ہوئے۔

حادثے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا جو ضلع بونیر کے رہائشی تھے، متاثرہ خاندان کے افراد مہانڈری میں منگنی کی تقریب میں شرکت کرکے واپس آ  رہے تھے، زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹرز اسپتال (ٹی ایچ کیو) بالاکوٹ منتقل کر دیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں