اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل 3 روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، انتونیو گوتریس نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی دعوت پر پاکستان پہنچے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسلام آباد آمد پر قائم مقام سیکریٹری خارجہ نبیل منیر نے ان کا استقبال کیا، انتونیو گوتریس کا دورہ آج سے 8 اکتوبر تک جاری رہے گا۔
UN Secretary-General H.E. António Guterres arrived in Islamabad today to undertake an official visit to Pakistan from 6–8 October 2026, at the invitation of Deputy Prime Minister/Foreign Minister Senator Mohammad Ishaq Dar.
Upon arrival, the Secretary-General was received by Acting Foreign Secretary Ambassador Nabeel Munir.
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) October 5, 2026
ترجمان اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ یواین سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس این ڈی ایم اے کا دورہ بھی کریں گے جہاں وہ قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری اور صلاحیت کا مشاہدہ کریں گے۔
اس کے علاوہ انتونیو گوتریس پاک بھارت فوجی مبصر گروپ کے ہیڈ کوارٹرز کا بھی دورہ کریں گے۔
دورے کے دوران ان کی پاکستان حکام سے امریکا اور ایران کے درمیان سفارتی اور ثالثی کی کوششوں پر بھی بات چیت ہوگی، پاکستان کے تعمیری کردار اور خطے کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
انتونیو گوتریس آخری مرتبہ 2022 میں پاکستان آئے تھے جب انہوں نے تباہ کن سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا تھا۔
UN Secretary-General Antonio Guterres says he has “never seen climate carnage” like the Pakistan floods https://t.co/YGqZnd9Grk https://t.co/Oq6VBE1WFK
— Al Jazeera English (@AJEnglish) September 10, 2022
انتونیو گوتریس کون ہیں؟
انتونیو گوتریس 1949 میں پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے Instituto Superior Técnico سے انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی۔
وہ پرتگالی، انگریزی، فرانسیسی اور ہسپانوی زبانیں روانی سے بولتے ہیں۔ انتونیو گوتریس کی شادی کاتارینا ڈی المیڈا واز پنٹو سے ہوئی اور ان کے دو بچے، ایک سوتیلا بیٹا اور تین پوتے پوتیاں ہیں۔
انتونیو گوتریس اس وقت اقوام متحدہ کے نویں سیکریٹری جنرل ہیں، جنہوں نے یکم جنوری 2017 کو اپنے منصب کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بننے سے قبل انتونیو گوتریس جون 2005 سے دسمبر 2015 تک اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے پناہ گزین کے منصب پر فائز رہے۔
اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے پناہ گزین بننے سے قبل انتونیو گوتریس نے 20 سال سے زائد عرصہ حکومت اور عوامی خدمت میں گزارا۔
وہ 1995 سے 2002 تک پرتگال کے وزیراعظم رہے۔ اس دوران وہ مشرقی تیمور کے بحران کے حل کے لیے عالمی کوششوں میں بھی نمایاں طور پر شامل رہے۔
انتونیو گوتریس 1976 میں پرتگال کی پارلیمنٹ کے رکن منتخب ہوئے اور 17 سال تک پارلیمنٹ میں خدمات انجام دیں۔
1981 سے 1983 تک وہ کونسل آف یورپ کی پارلیمانی اسمبلی کے رکن رہے جہاں انہوں نے آبادی، ہجرت اور پناہ گزینوں سے متعلق کمیٹی کی سربراہی کی۔
گوتریس کئی برس تک سوشلِسٹ انٹرنیشنل سے بھی وابستہ رہے، جو دنیا بھر کی سماجی جمہوری سیاسی جماعتوں کی عالمی تنظیم ہے۔ وہ 1992 سے 1999 تک تنظیم کے نائب صدر رہے جبکہ 1999 سے 2005 کے وسط تک اس کے صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔
انہوں نے پرتگالی ریفیوجی کونسل اور پرتگالی کنزیومرز ایسوسی ایشن ڈی ای سی او کی بنیاد رکھنے میں بھی کردار ادا کیا۔ 1970 کی دہائی کے اوائل میں وہ لزبن کے غریب علاقوں میں سماجی ترقی کے منصوبوں پر کام کرنے والی ایک تنظیم کے صدر بھی رہے۔


