کراچی/چترال: آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ پرویز مشرف اور ایم کیو ایم کے فاروق ستار کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے گئے ہیں۔
پرویز مشرف کے کاغذات نامزدگی این اے ون چترال سے مسترد کیے گئے ہیں۔ اے پی ایم ایل کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر امجد کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف اس بار نااہل ہونے کی وجہ سے الیکشن میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
ایم کیو ایم کے رہنماء فاروق ستار کے کاغذات نامزدگی پولیس کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ کے بعد مسترد کیے گئے ہیں۔ پولیس رپورٹ کے مطابق فاروق ستار کے خلاف متعدد مقدمات ہیں، عدالت انہیں مفرور قرار دے چکی ہے جب کہ وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے ہوئے ہیں۔
ریٹرننگ آفیسر کے مطابق فاروق ستار نے کاغذات نامزدگی میں مقدمات کا ذکر نہیں کیا ہے۔ ایم کیو ایم رہنما نے کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 245 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔
فاروق ستار کے خلاف تھانہ سولجر بازار میں 416 /2015 اور نیوٹاون تھانہ میں مقدمہ نمبر 182/ 1987 درج ہے۔
فاروق ستار کا کہنا ہے کہ این اے 241 سے کاغذات منظور ہو چکے ہیں ، پھر این اے 245 سے کاغذات کا مسترد ہونا سمجھ سے بالا تر ہے، این اے 247 سے کاغذات نامزدگی منظور ہونے یا مسترد ہونے کا فیصلہ ابھی باقی ہے۔

