کیپ ٹاﺅن: ماہرین فلکیات کی ایک بین الاقوامی ٹیم نے جنوبی افریقہ میں “میرکیٹ” ریڈیو ٹیلی اسکوپ کی مدد سے محض 3 گھنٹوں میں 49 کہکشائیں دریافت کر ڈالیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ حیرت انگیز دریافتیں انٹر یونیورسٹی انسٹی ٹیوٹ آف ڈیٹا انٹینسیو ایسٹرونومی (آئی ڈی آئی اے) نے کی ہیں۔
ٹیم کی رہنمائی کرنے والے انٹرنیشنل سینٹر فار ریڈیو ایسٹرونومی ریسرچ (آئی سی آر اے آر) کے ماہر مارسن گلووکی نے کہا کہ ابتدائی طور پر سائنس دان ایک کہکشاں میں ستارے بنانے والی گیس کی کھوج میں تھے لیکن اس دوران انہوں نے ڈیٹا کا معائنہ کرتے ہوئے دوسری کہکشائیں دریافت کرلیں۔
انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر 49 کہکشاؤں کا پتہ چلا ہے اور یہ اس بات کی ایک بہترین مثال ہے کہ ستاروں اور کہکشاؤں کو تلاش کرنے کے لیے “میرکیٹ” جیسا آلہ کتنا لاجواب ہے۔
یہ بھی پڑھیں: انٹرنیٹ کی رفتار کا نیا ریکارڈ قائم
مارسن گلووکی نے کہا کہ اتنے کم وقت میں اتنی ساری کہکشائیں ملنے کی مجھے امید نہیں تھی تاہم کہکشاؤں کو تلاش کرنے کے لیے مختلف تکنیکوں کا استعمال کیا گیا جس کے بعد ہم ان تمام کہکشاؤں کا پتہ لگانے اور ان میں گیس کے مواد کو ظاہر کرنے میں کامیاب ہو گئے۔