عمران خان، شاہد خاقان، عائشہ گلالئی کاغذات کی جانچ کے لیے طلب


اسلام آباد: پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 53 میں امیدواروں کی اسکروٹنی پیر کو ہوگی۔

ریٹرننگ افسر نے این اے 53 کے امیدواروں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور تحریک انصاف گلالئی کی چیئرپرسن عائشہ گلالئی کو ایک ہی دن طلب کرلیا ہے۔

عمران خان کے کاغذات نامزدگی پر عبدالوہاب بلوچ کی جانب سے اعتراضات دائر کیے گئے ہیں جس کی وجہ سے عمران خان کو کاغذات کی جانچ پڑتال کے ساتھ اعتراضات کے جواب بھی دینا ہوں گے۔

جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی نے عمران خان پر اعتراض کیا ہے کہ وہ ٹیرین وائٹ کو اپنی بیٹی تسلیم نہیں کرتے لہٰذا وہ آئین کی دفعہ 62 اور 63 پر پورا نہیں اترتے ہیں اور اس لیے عمران خان صادق اور امین نہیں ہیں۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 53 سے 63 امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں جن میں مسلم لیگ (ن) کے بیرسٹر ظفر اللہ، مہتاب عباسی اور تحریک انصاف کے الیاس مہربان بھی شامل ہیں۔

عام انتخابات 25 جولائی کو منعقد ہورہے ہیں اس سلسلے میں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ مکمل ہوچکا ہے اور اب اُن کی جانچ پڑتال جاری ہے جبکہ 19 جون کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔


متعلقہ خبریں