پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا بین الاقوامی طرز علاج کی جانب ایک اور قدم، ترجمان پی آئی سی رفعت انجم کا کہنا تھا کہ دل کے مریضوں کے لئے انقلابی اقدام اٹھا کر چھوٹے کٹ کے ذریعے سرجری کا جدیدطریقہ علاج کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
آپریشن ٹیم کے سربراہ کارڈیک سرجن اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد طارق کے مطابق مینیمل اینویزو یا چھوٹے کٹ سرجری میں سینے کی ہڈی کو سارا نہیں کاٹنا پڑتا جو عموماً دل کی سرجریز میں ہوتا ہے۔
چھوٹے کٹ کے ساتھ سرجری مریض کے لیے کم تکلیف دہ اور اس میں زخم جلد ٹھیک ہونے کی امید زیادہ ہوتی ہے، ڈاکٹر طارق کا کہنا تھا کہ اس طریقہ کار میں مریض جلد صحتیاب ہو کر معمول کے مطابق زندگی گزار سکے گا۔
ڈاکٹرز کی ڈیوٹی یقینی بنانے کیلئے بائیو میٹرک لانے کا فیصلہ
یہ جدید طریقہ علاج والو سرجری،بائی پاس اور دل میں سوراخ والی سرجریز کے لیے استعمال ہوگا،پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے کارڈیک سرجری ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عبدالناصر کا کہنا تھا کہ چھوٹے کٹ کی سرجری میں انفیکشن کے امکانات کم ہوں گے جو اہم بات ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں بین الاقوامی معیار کا علاج یہاں کے شہریوں کو با آسانی میسر ہو۔ پی آئی سی نے امراض قلب کے کئی جدید طریقہ علاج متعارف کروائے ہیں جن سے نہ صرف خیبر پختونخوا بلکہ پڑوسی ملک افغانستان اور دیگر صوبوں کے مریض مستفید ہو رہے ہیں جو ہمارے لیے باعث فخر بات ہے۔
ڈاکٹر عبدالناصرکے مطابق چھوٹے کٹ کی سرجری سے نہ صرف کے پی بلکہ افغانستان کے مریض بھی مستفید ہوں گے۔