کافی پینے کے لمبی عمر سے وزن میں کمی تک مثبت اثرات سامنے آ گئے۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ کافی صرف توانائی حاصل کرنے کا ذریعہ نہیں بلکہ اس کے متعدد طبی فوائد بھی سامنے آئے ہیں، نئی تحقیقات کے مطابق روزانہ ایک سے تین کپ بلیک کافی پینے سے دل کی بیماریوں اور قبل از وقت موت کے خطرات میں کمی واقع ہو سکتی ہے۔
تحقیق کے مطابق باقاعدگی سے کافی پینے والے افراد میں مجموعی شرح اموات اور قلبی امراض سے موت کا خطرہ نسبتاً کم دیکھا گیا تاہم ماہرین کے مطابق کافی میں زیادہ چینی، کریم یا دودھ شامل کرنے سے یہ فوائد کم ہو سکتے ہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق کافی آنتوں کی صحت کے لیے بھی مفید ثابت ہو سکتی ہے، اس میں موجود قدرتی مرکبات مفید بیکٹیریا کی افزائش میں مدد دیتے ہیں، جس سے نظامِ ہاضمہ بہتر رہتا ہے اور سوزش میں کمی آ سکتی ہے۔
تحقیقی رپورٹس میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ کافی مردانہ صحت پر مثبت اثرات مرتب کر سکتی ہے، بعض مطالعات کے مطابق مناسب مقدار میں کافی کا استعمال ٹیسٹوسٹیرون کی سطح میں عارضی اضافے اور جسمانی کارکردگی بہتر بنانے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کافی وزن کم کرنے کے عمل میں بھی مددگار ہو سکتی ہے۔ یہ جسم کے میٹابولزم کو تیز کرتی ہے، چربی کے تحلیل ہونے کے عمل کو بہتر بناتی ہے اور بعض افراد میں بھوک کم کرنے میں بھی کردار ادا کر سکتی ہے۔
کینسر کے مرض کی وجہ اور اس سے بچاؤ کی اہم غذا
اس کے علاوہ باقاعدگی سے کافی پینے کو کئی دائمی بیماریوں کے کم خطرے سے بھی جوڑا گیا ہے، جن میں پارکنسنز، ٹائپ ٹو ذیابیطس، جگر اور بڑی آنت کے کینسر، فالج اور دل کی کمزوری جیسی بیماریاں شامل ہیں۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ کافی کے فوائد کے باوجود اس کا استعمال اعتدال میں ہونا چاہیے اور صحت سے متعلق کسی بھی فیصلے کے لیے معالج سے مشورہ ضروری ہے۔
