پاکستان 20 سالوں میں پہلی سہ فریقی سیریز کی میزبانی کرے گا


پاکستان 20 سالوں میں پہلی بار 2025 میں سہ فریقی ون ڈے سیریز کی میزبانی کرے گا، سیریز فروری 2025 میں آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی سے قبل پاکستان میں کھیلی جائے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کی جنوبی افریقا اور نیوزی لینڈ کے کرکٹ سربراہوں کے ساتھ ملاقات ہوئی۔

پی سی بی کے مطابق پاکستان دو دہائیوں میں پہلی بار کرکٹ سہ فریقی سیریز کی میزبانی کرنے والا ہے، بیان میں کہا گیا ہے کہ محسن نقوی نے کرکٹ جنوبی افریقہ کے چیئرمین لاسن نائیڈو اور نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیئرمین راجر ٹوسے کے درمیان ملاقات میں تینوں ممالک کے درمیان ون ڈے سہ فریقی سیریز کے ایجنڈے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مذکورہ سیریز فروری 2025 میں آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی سے قبل پاکستان میں کھیلی جائے گی، بیان میں کہا گیا کہ سہ فریقی سیریز کے فیصلے کو میزبان اور بورڈ کے دونوں اراکین نے حتمی شکل دی اور اس کا خیرمقدم کیا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سیمی فائنل سمیت 13 میچز کے ٹکٹس کی فروخت 19 مارچ سے شروع ہوگی

محسن نقوی نے راجر ٹوسے اور لاسن نائیڈو کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان، جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے درمیان سہ فریقی سیریز ایک دلچسپ ایونٹ ہو گا اور طویل عرصے کے بعد پاکستان ایسے ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ میں نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کرکٹ بورڈ کے سربراہان کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا کہ انہوں نے سہ فریقی سیریز میں شرکت پر رضامندی ظاہر کی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پی سی بی آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی کا بھی منتظر ہے جو پاکستان کے لیے اپنی سرزمین پر ٹاپ 8 ون ڈے ٹیموں کی میزبانی کے لیے بڑی خوشی کی بات ہوگی۔

یاد رہے کہ آخری بار پی سی بی نے اکتوبر 2004 میں سہ فریقی سیریز کی میزبانی کی تھی، جس میں سری لنکا اور زمبابوے مہمان ٹیمیں تھیں۔


متعلقہ خبریں