لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے پیراگون ہاؤسنگ اسکیم کے متاثرین کے لیے شکایت فارم ویب سائیٹ پر جاری کر دیے ہیں تا کہ متاثرین اپنی شکایات آن لائن رجسٹرڈ کرا سکیں، متاثرین کو اپنی شکایات کے ساتھ تفصیلات بھی فراہم کرنی ہوں گی۔
قومی احتساب بیورو نے اس سلسلے میں مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق اوران کے بھائی خواجہ سلمان رفیق کو طلب کیا تھا جبکہ پیراگون سوسائٹی کے چیف ایگزیکٹو ندیم ضیا کے دو بھائیوں عمر ضیا اور منیر ضیا کو بھی پچھلے ماہ گرفتار کیا گیا تھا۔
اس سے پہلے مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے قریبی بیوروکریٹ سابق ڈائریکٹر جنرل، لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ڈی جی ایل ڈی اے) احد چیمہ بھی اسی سلسلے میں گرفتار ہیں، ڈی جی نیب پنجاب سلیم شہزاد کا کہنا ہے کہ احد چیمہ کا پیراگون سٹی سے گہرا تعلق ہے اور انہوں نے بطور ڈی جی ایل ڈی اے پیراگون سٹی سے بہت فوائد حاصل کیے ہیں۔