اسرائیل کے جنگی جرائم کا سلسلہ جاری ، اسرائیلی فوج نے غزہ میں 24 گھنٹوں میں 2 صحافیوں سمیت مزید 200 سے زائد فلسطینیوں کو شہید کر دیا ، جبکہ القسام بریگیڈ نے افسران سمیت مزید 15 اسرائیلی فوجی ہلاک کر دیئے۔
اسرائیلی ٹینکوں اور بلڈوزروں نے جبالیہ کے قبرستان کو روند ڈالا سینکڑوں قبریں مسمار کر دی گئیں۔ صیہونی فوج نے اسپتالوں کا محاصرہ بھی برقرار رکھا ہے۔
حماس کے راکٹ حملے ، 2 افسروں سمیت 10 اسرائیلی فوجی ہلاک ، 24 ٹینک تباہ
اسرائیلی افواج کی وحشیانہ کارروائیوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 18 ہزار 682 جبکہ زخمیوں کی تعداد 50 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق 7 ہزار 780 سے زائد افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
دوسری جانب اسرائیل نے حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے ہاتھوں مارے گئے مزید 15 فوجیوں کی ہلاکتوں کی تصدیق کر دی ہے۔ القسام بریگیڈ نے کہا گزشتہ روز شجائیہ میں گولانی بریگیڈ کا کمانڈر، تین میجر اور ایک کیپٹن مارے گئے، جس کی ویڈیو جاری کر دی ہے۔
ترجمان القسام بریگیڈ کے مطابق غزہ کے علاقے شجائیہ اور خان یونس میں اسرائیلی فوجیوں کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے، شمالی غزہ کے علاقے زیتون میں بھی اسرائیلی فوجیوں پر حملے کیے گئے۔