اسلام آباد: پاکستان ریلویز نے شہریوں کی سہولت کے لیے عید کے دوسرے دن بکنگ دفاتر کھولنے کا اعلان کیا ہے۔
محکمہ ریلویز کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیہ کے مطابق ملک بھر میں بکنگ دفاتر صرف عید کے پہلے روز بند رہیں گے۔
اعلامیہ کے تحت بکنگ دفاتر عید کے دوسرے دن دوپہر دو بجے سے کھل جائیں گے ۔ بکنگ دفاتر تیسرے دن صبح آٹھ بجے سے رات نو بجے تک معمول کے مطابق کام کریں گے۔
پاکستان ریلویز کی جانب سے عیدالفطر کے موقع پر پانچ خصوصی ٹرینیں بھی چلانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
پہلی عید اسپیشل ٹرین آج 12 جون کو کراچی سٹی سے دن گیارہ بجے روانہ ہوگی اوراگلے روز رات دس بج کر30منٹ پر پشاور کینٹ پہنچے گی۔
کوئٹہ سے گیارہ بج کر 30 منٹ پر روانہ ہونے والی دوسری ٹرین رات آٹھ بجے راول پنڈی پہنچے گی۔ 13 جون کو تیسری ٹرین کراچی سے فیصل آباد جائے گی۔
14 جون کو دو خصوصی ٹرینیں راول پنڈی سے ملتان اور ملتان سے راول پنڈی کے لئے چلائی جائیں گی۔
پاکستان ریلویز نے مسافروں کے لئے رمضان پیکیج کا اعلان بھی کیا ہے جس کے مطابق ٹرینوں میں ایڈوانس بکنگ پر 20 فیصد رعایت ہوگی۔
