کون سا فیشن ان اور کیسے ہیں پہناوے؟ اطالوی سفارتخانے کے زیراہتمام اسلام آباد میں پاکستانی اور اطالوی ڈیزائنر کے دلکش ملبوسات کی نمائش کے لئے گرینڈ فیشن شو منعقد کیا گیا۔
اس فیشن شو میں ماڈلز نے ریمپ پر کیٹ واک کرتے ہوئے مشرقی روایات سے جڑے ملبوسات کے جدید رجحانات کو متعارف کرایا۔

پاکستانی ماڈلز نے صف اول کے ملکی و غیر ملکی ڈیزائنر کے تیار ملبوسات کے نئے ڈیزائن پہن کر واک کی اور خوب داد سمیٹی۔
اطالوی سفارت خانے کی جانب سے منعقد کی گئی اس نمائش میں معروف پاکستانی ڈیزائنرز نومی انصاری، ثانیہ مسکاٹیہ، زہرہ جوہر اور امراسعید، اٹلی کی معروف ڈیزائنر ستالاجین سمیت پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف فیشن اینڈ ڈیزائن کے طلبہ نے مختلف ملبوسات کی نمائش کی۔

اٹلی کے سفیراینڈریاس فریریز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دور میں نئے سفارتخانے کی عمارت تعمیر کی جا رہی ہے تاہم وہ اس کا افتتاح نہیں کر سکیں گے کیونکہ وہ 15 جنوری کو پاکستان سے واپس چلے جائیں گے۔

اس تقریب میں مختلف ممالک کے سفیروں کے علاوہ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
