راولپنڈی: الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کے تعاون سے ”تمباکو سے پاک معاشرہ“ مہم کا آغاز کر دیا۔
الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے “تمباکو سے پاک معاشرہ” مہم کی افتتاح تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمان ، سیکرٹری جنرل سید وقاص انجم جعفری اور نمائندہ ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر پالیتھا مہیپالا نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر صدر الخدمت فاؤنڈیشن ڈاکٹر حفیظ الرحمان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تمباکو نوشی کی بیماریوں سے سالانہ 2 لاکھ افراد مر رہے ہیں۔ مہم کے دوران عوام کو تمباکو نوشی کے مضر اثرات پر آگاہی دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہر 6 سیکنڈ میں تمباکو نوشی کے باعث ایک شخص موت کے منہ میں جا رہا ہے جبکہ پاکستان میں ہر سال تمباکو نوشی کے استعمال کی وجہ سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے باعث سالانہ لاکھوں افراد مر رہے ہیں۔ مہم کا مقصد تمباکو کی وجہ سے پیدا ہونے والی بیماریوں کی روک تھام ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سیاسی مستقبل کس پارٹی کے ساتھ ہو گا نہیں سوچا، نگران وزیر اعظم
ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے کہا کہ ہمارے رضاکار اور سفیر یونیورسٹیز، کالجز، اسکولز، دفاتر سمیت پبلک مقامات پر اس حوالے سے عوام الناس کو آگاہی فراہم کریں گے اور ہم تمباکو نوشی سے پاک معاشرے کی اس مہم میں میڈیا اور سوشل میڈیا کا مؤثر استعمال بھی کریں گے۔
نمائندہ ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر پالیتھا مہیپالا نے کہا کہ الخدمت کی معاشرے کے لیے خدمات ناقابل فراموش ہیں اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن تمباکو نوشی کے نقصانات سے معاشرے کو بچانے کے لیے الخدمت فاؤنڈیشن سے مکمل تعاون اور مدد کرے گا۔