بیلجیئم کی ڈپٹی وزیر اعظم کا اسرائیل پر پابندی کا مطالبہ


لندن: بیلجیئم کی ڈپٹی وزیر اعظم نے غزہ پر وحشیانہ بمباری کرنے کی وجہ سے اسرائیل پر پابندی کا مطالبہ کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بیلجیئم کی ڈپٹی وزیراعظم پیٹرا ڈی سٹر نے اپنی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ پر بمباری کرنے پر اسرائیل پر پابندی لگائے۔

پیٹرا ڈی سٹر نے حکومت سے غزہ کے اسپتالوں اور پناہ گزین کیمپوں پر حملوں کی تحقیقات کرانے کا بھی مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت اسرائیل پر پابندیاں لگانے کا ہے اور بموں کی بارش غیر انسانی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ واضح ہے کہ اسرائیل عالمی برداری کی جانب سے جنگ بندی کے مطالبے کو رتی برابر اہمیت نہیں دیتا۔

یہ بھی پڑھیں: یمن: حوثیوں نے امریکی ڈرون طیارہ مار گرایا

ڈپٹی وزیر اعظم نے کہا کہ یورپی یونین کو اسرائیل کے ساتھ ’ایگریمنٹ آف ایسوسی ایشن‘ ختم کرنا چاہیے جس کا مقصد اسرائیل اور یونین کے تجارتی اور سفارتی تعلقات مزید بہتر بنانا ہے۔

انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ جنگی جرائم میں ملوث آبادکاروں، سیاستدانوں اور فوجیوں کے یورپی یونین میں داخلے پر پابندی ہونی چاہیے اور بمباری کی تحقیقات کے لیے دی ہیگ میں قائم انٹرنیشنل کریمنل کورٹ کی فنڈنگ کو بڑھانا چاہیے اور حماس کو فنڈ کی ترسیل روکنی چاہیے۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے حماس کی جانب سے 7 اکتوبر کے حملوں کے جواب میں غزہ پر بمباری شروع کی تھی جو کہ ابھی تک جاری ہے۔


متعلقہ خبریں