اینٹی کرپشن پنجاب نے کرپشن کیس میں مفرور سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کے بھائی احمد مجتبیٰ وٹو، سابق ایم پی اے نعیم ابراہیم اور سیاسی رہنما سلیم صادق کے گھروں پر چھاپے مارے، تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہ آ سکی ۔ بشریٰ بی بی کے بھائی پر ترقیاتی کاموں میں 2 کروڑ 49 لاکھ سے زائد کے غبن کا الزام ہے۔
ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق صوبے بھر میں مفرور ملزمان کی گرفتاری کیلئے کریک ڈاؤن جاری ہے، اسی سلسلے میں سابق ایم این ایز اور ایم پی ایز کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
اینٹی کرپشن کا چودھری پرویز الٰہی کیخلاف ایک اور مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ
ترجمان اینٹی کرپشن نے بتایا کہ گزشتہ رات ساہیوال، اوکاڑہ، پاکپتن میں چھاپے مارے، سابق ایم پی اے نعیم ابراہیم، سیاسی رہنما سلیم صادق اور بشری بی بی کے بھائی احمد مجتبیٰ کی گرفتاری کیلئے بھی چھاپا مارا گیا، تاہم تمام ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔
ترجمان کے مطابق ساہیوال نے سابق ایم این ایز رائے حسن نواز اور رائے مرتضی اقبال کے گھروں پر بھی چھاپے مارے، تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہ آ سکی۔ رائے حسن نواز،مرتضٰی اقبال پر فیس ادا کیے بغیر کمرشل تعمیرات بنانے کا الزام ہے۔