مولانا فضل الرحمان کا ملک بھر میں یوم طوفان اقصیٰ منانے کا اعلان


پشاور: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے آج ملک بھر میں “یوم طوفان اقصیٰ” منانے کا اعلان کر دیا۔

جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں اعلان کیا کہ 14 اکتوبر کو پشاور میں ہونے والی مفتی محمود کانفرنس کو بھی فلسطینی بھائیوں کے حق میں بڑے مظاہرے میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین میں بچوں، خواتین، بزرگ اور عام شہریوں پر بمباری کی جا رہی ہے۔ مکانات، پانی پینے کے ذخائر اور اسپتالوں کو تباہ کیا جا رہا ہے۔ ہر مسلمان اپنے مظلوم فلسطینیوں کے حق میں کھڑے ہو کر ان کے مؤقف کو تقویت دے۔

یہ بھی پڑھیں: 12 ہزار افغانی جعلی پاکستانی پاسپورٹ پر سعودی عرب پہنچ گئے

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ مسلم حکمران اپنے مؤقف سے ابہام نکال لیں اور واضح کریں کہ ہم اپنے فلسطینی بھائیوں اور ان کے مؤقف کے ساتھ کھڑے ہیں۔ مسلم حکمران ان کے کھانے پینے اور رہائش کی ضروریات پوری کرنے کے لیے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل وحشی اور درندے کا کردار ادا کر رہا ہے، وہ 75 سال سے عرب زمین پر قابض ہے اور فلسطینی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ یہ ایک جائز جنگ ہے لیکن امریکہ اور یورپ انسانی حقوق کو پامال ہوتے ہوئے تماشا دیکھ رہے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ امریکہ و یورپ انسانی حقوق کے قاتل کو سپورٹ کر رہے ہیں، 13 اکتوبر بعد نماز جمعہ ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر مظاہرے کیے جائیں گے اور ان مظاہروں اور اس دن کو “یوم طوفان اقصیٰ” کا نام دیا جاتا ہے۔


متعلقہ خبریں