ایشیا کپ سوپر فور مرحلے کے پہلے میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو باآسانی سات وکٹوں سے شکست دے دی ہے جس کے بعد قومی ٹیم کا رن ریٹ 1.0521 ہو گیا ہے۔
سری لنکا میں شیڈول ایشیا کپ کے بقیہ میچز بارش سے متاثر ہونے کا امکان ہے جس کی وجہ سے رن ریٹ انتہائی اہمیت اختیار کر سکتا ہے۔
میچ کا احوال
قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اہم میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
اوپنر مہدی حسن صفر، محمد نعیم 20 جبکہ لٹن داس 16 توحید ہردوئے 2 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
کپتان شکیب الحسن 57 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 53 رنز بناکر آؤٹ ہوئے انہوں نے مشفق الرحیم کیساتھ مل کر پانچویں وکٹ کی شراکت میں 100 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔
مشفیق الرحیم 64 رنز پر آؤٹ ہوئے تاہم ان کے بعد کوئی کھلاڑی قابل ذکر رنز نہ بناسکا اور یکے بعد دیگرے وکٹیں گرتی رہیں۔
حارث رؤف نے 4، نسیم شاہ نے 3، شاہین شاہ آفریدی، فہیم اشرف اورافتخار احمد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
قومی ٹیم نے بنگلہ دیش کی جانب سے دیا گیا 194 رنز کا ہدف 10 اوورز پہلے 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
محمد رضوان 63 اور آغا سلمان 12 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ 6 اوورز میں صرف 19 رنز دیکر چار وکٹیں لینے پر حارث رؤف مین آف دی میچ قرار پائے۔
