سائفر کیس میں پی ٹی آئی کے رہنما اسد عمر کی عبوری ضمانت میں 14 ستمبر تک توسیع کر دی گئی۔
سائفر کیس پر آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت اسلام آباد میں جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے سماعت کی۔ اسد عمر اپنے وکیل بابر اعوان کے ہمراہ پیش ہوئے جبکہ ایف آئی اے کی جانب سے سپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی پیش ہوئے۔
فریقین کو سننے کے بعد عدالت نے اسد عمر کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے ان کی عبوری ضمانت میں 14 ستمبر تک توسیع کر دی۔
اسد عمر منظر عام پر آ گئے ، گرفتاری کی خبروں کی تردید
عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ سابق وزیراعظم سائفر کے حوالے سے اپنا جواب ایف آئی اے کو دے چکے ہیں، سائفر ایک کلاسیفائیڈ دستاویز ہوتی ہے جو دفتر خارجہ سے باہر نہیں آ سکتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جس کے پاس بھی ہو گی وہ سائفر کی کاپی یا ٹرانسلیشن ہو گی، اصل سائفر دفتر خارجہ سے باہر نکلتا ہی نہیں۔