دوسرا ون ڈے: دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان نے افغانستان کو ہرا دیا


ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد افغانستان کو ایک وکٹ سے شکست دے دی۔

ہمبنٹوٹا میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم افغانستان کی جانب سے جیت کے لیے دیئے گئے 301 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف آخری وکٹ میں حاصل کر پائی۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پہلی وکٹ 52 کے مجموعی اسکور پر گری تھی جب فخرزمان 30 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد امام الحق اور بابراعظم کے درمیان 118 رنز کی طویل پارٹنر شپ ہوئی۔

170 کے مجموعی اسکور پر بابراعظم 53 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس کے بعد وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ 39 ویں اوور میں 211 کے مجموعی اسکور پر امام الحق 91 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

محمد رضوان 2، سلمان علی آغا 14 اوراسامہ میر کھاتا کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔ اس موقع پر شاداب خان اور افتخار نے ٹیم کو کچھ سنبھالا دیا تاہم  افتخار احمد 17 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

وکٹ کے دوسرے اینڈ پر شاداب کا بلا رنز اگلتا رہا، میچ کے آخری اوور میں پاکستان کو 11 رنز درکار تھے کہ اس موقع پر بولر نے شاداب خان کو گیند سے پہلے کریز چھوڑنے پر رن آوٹ کر دیا انہوں نے 48 رنز کی اننگز کھیلی۔

آخری اوور میں نسیم شاہ نے ایشیا کپ کی یاد تازہ کرتے ہوئے فاروقی کو پہلے چوکا رسید کیا اور اگلی گیند مس کرنے کے بعد سنگل لیا۔

اس موقع پر حارث نے شاٹ کھیلی، باونڈری پر افغان کھلاڑی سے مس فیلڈ ہوئی ۔ اس دوران دونوں بیٹرز نے تین رنز لے لیے۔ پاکستان کو آخری دو گیندوں پر جیت کے لیے تین رنز درکار تھے۔

نسیم شاہ نے فاروقی کی گیند پر بڑی شاٹ کھیلنے کی کوشش کی جو بلے کا باہری کنارہ چھوتے ہوئے باونڈری باہر کرگئی یوں پاکستان نے آخری گیند پر افغانستان کو ایک وکٹ سے ہرا دیا۔

اس سے پہلے افغان ٹیم کے کپتان حشمت اللہ شاہدی ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

افغان اوپنرز نے اپنی ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا، دونوں نے پہلی وکٹ کے لیے 227 رنز کی شراکت قائم کی، اس موقع پر رحمان اللہ گرباز نے شاندار 151 رنز کی اننگز کھیلی۔

جب کہ ابراھیم زادران 80 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین نے دو جب کہ نسیم اور اسامہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس جیت کے ساتھ تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز میں پاکستان نے فیصلہ کن دو صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔

یاد رہے کہ سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے افغان ٹیم کو 142 رنز کے بڑے مارجن سے زیر کیا تھا۔


متعلقہ خبریں