بٹگرام میں چیئرلفٹ کی رسی ٹوٹ گئی، لفٹ میں اسکول کے 8 بچے اور 2 اساتذہ موجود ہیں، پاک فوج کا ہیلی کاپٹر ریسکیو کیلئے پہنچ گیا۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ بٹگرام کی تحصیل آلائی میں پاشتو جھنگڑی چیئرلفٹ کے ساتھ پیش آیا۔ واقعے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ چیئر لفٹ اس وقت بلندی پر پھنسی ہوئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بچے صبح 7 بجے کے وقت چیئرلفٹ کے ذریعے اپنے اسکول جارہے تھے کہ لفٹ کی تین میں سے دو رسیاں ٹوٹنے سے چیئرلفٹ تقریباً 900 فٹ کی بلندی پر پھنس گئی۔ پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔
چیئرلفٹ میں موجود افراد کو ریسکیو کرنے کیلئے پاک فوج کا ہیلی کاپٹر جائے وقوعہ پر پہنچ کر ریکی میں مصروف ہے۔ ہیلی کاپٹر کی ریکی کے بعد محتاط انداز میں ریسکیو آپریشن کیا جائے گا۔ چیئرلفٹ میں موجود افراد کو ریسکیو کرنے کا آپریشن انتہائی رسکی ہے۔
اطلاعات کے مطابق اس چیئرلفٹ پر روز 200 طلباء اور اساتذہ سفر کرتے ہیں۔
ضلع بٹگرام کی تحصیل آلائی میں چیٸرلفٹ کی رسی ٹوٹ گٸی،8اسکول کے بچے اور 2 اساتذہ صبح 6 بجے سے پھنسے ہوئے ہیں، انسانی جانیں بچانے کیلئے فوری ہیلی کاپٹر کی مدد فراہم کرنے کا مطالبہ۔۔۔!!! pic.twitter.com/FMIbpVIyUZ
— Mughees Ali (@mugheesali81) August 22, 2023
اس حوالے سے نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کی طرف سے بھی بٹگرام میں چیئرلفٹ میں پھنسے 8 افراد کے ریسکیو کی ہدایت کی گئی ہے۔ نگران وزیرِ اعظم نے این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم اے کو تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم نے پہاڑی علاقوں میں ایسی تمام چیئر لفٹس پر حفاظتی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ ساتھ ہی خستہ حال اور حفاظتی معیار پر پورا نہ اترنے والی چیئرلفٹس کو بھی بند کرنے کا حکم دیا ہے۔
انسانی جانوں کیلئے خطرہ، ایوبیہ چیئر لفٹ بند کردی گئی
اس حوالے سے چیئرلفٹ میں پھنسے گلفراز نامی شخص نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ چیئرلفٹ میں پھنسے ہوئے 5 گھنٹے ہوگئے ہیں۔ چیئرلفٹ میں موجود بچوں کی عمریں 12 سے 13 سال ہیں۔
گلفراز نے بتایا کہ چیئرلفٹ میں خوف کی وجہ سے ایک بچہ بے ہوش ہوگیا ہے، کچھ افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ ایک لڑکا دل کا مریض ہے جو ہسپتال جارہا تھا۔