عمران خان نے خط لکھ ڈالا

عمران خان کا نگراں حکومت کو خط | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ملک میں جاری شدید گرمی کی لہر اور پانی و بجلی کے سنگین ہوتے بحران کے پیش نظر نگران وزیر اعظم کو خط لکھ ڈالا۔

عمران خان نے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی بحران کے ذمہ داروں کو قوم کے سامنے لایا جائے۔ شدید گرمی کی لہر کیساتھ ملک کو بجلی اور پانی کے بڑھتے ہوئے بحرانوں کا سامنا ہے۔

تحریک انصاف سربراہ کا کہنا ہے کہ میں نے خط کے ذریعے نگران وزیر اعظم سے بجلی کی قلت کی حقیقی صورتحال سامنے لانے کا مطالبہ کیا ہے، یہ مطالبہ بھی کیا گیا ہے کہ نگران وزیر اعظم 500 ارب کے گردشی قرضوں کی حقیقی صورتحال بھی قوم کے سامنے رکھیں۔

عمران خان کے مطابق عوام جاننا چاہتے ہیں کہ نون لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے بلند و بانگ دعوؤں میں کتنی صداقت تھی، ان میں کچھ حقیقت بھی تھی یا خالصتاً جھوٹ کا پلندہ تھے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ نگران وزیر اعظم قوم کو بتائیں کہ شہباز شریف کے اس بیان میں کہ”بجلی کی عدم دستیابی کی ذمہ دار نگران حکومت ہوگی” کس حد تک صداقت ہے۔

عمران خان کے مطابق انہوں نے خط میں خصوصی طور پر نشاندہی کی کہ توانائی کے شعبے کی بدحالی کے ذمہ داروں کو سامنے لانا نگران حکومت کا فرض ہے، نگران حکومت بتائے کہ نون لیگی حکومت اشتہاروں میں جس “گڈ گورننس” کا ڈھنڈورہ پیٹتی رہی اس  کی جھلک بھی کہیں دکھائی دیتی ہے۔


متعلقہ خبریں