نیب ریفرنسز: شریف فیملی کا وقت بڑھانے کی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ

فوٹو: فائل


اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے اہلخانہ کے خلاف نیب ریفرنسز میں احتساب عدالت کا وقت بڑھانے کے لیے درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز میں وقت بڑھانے کے لیے سپریم کورٹ میں جمعہ کو درخواست دائر کی جائے گی جس کی اُسی روز سماعت ہونے کا بھی امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ  نو جون کو ریفرنسز کا وقت ختم ہو رہا ہے جبکہ گواہوں کی پیشیاں ابھی باقی ہیں، درخواست میں کہا گیا ہے کہ احتساب عدالت میں جاری ایون فیلڈ ریفرنس میں حتمی دلائل جاری ہیں جبکہ العزیزیہ ریفرنس میں بھی واجد ضیا پر جرح جاری ہے اور تفتیشی افسر کا بیان بھی قلمبند ہونا باقی ہیں۔

فیلگ شپ ریفرنس میں بھی واجد ضیا اور تفتیشی افسر کا بیان بھی ابھی قلمبند نہیں ہو سکا، نیب ریفرنسز کا فیصلہ نو جون تک نہیں ہوسکتا اس لیے ریفرنسز کی سماعت کا وقت بڑھایا جائے۔

سپریم کورٹ نیب ریفرنسز میں اس سے پہلے بھی دو مرتبہ وقت میں اضافہ کر چکی ہے، شروع میں سپریم کورٹ نے چھ ماہ کے اندر شریف فیملی کے خلاف نیب ریفرنسز کے فیصلے کا حکم دیا تھا لیکن ٹرائل مکمل نہ ہونے کے بعد سپریم کورٹ نے دو ماہ کا مزید وقت دیا تھا جبکہ آخری بار سپریم کورٹ نے نو جون تک نیب ریفرنسز کا فیصلہ کرنے کا حکم سنایا تھا۔


متعلقہ خبریں