برطانوی شہریت ملنے کے بعد کیا عامر آئی پی ایل کھیلیں گے؟

محمد عامر

muhammad amir


قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) کھیلنے کے حوالے سے خبروں پر ردعمل دے دیا۔

نجی ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے کہا کہ انہیں جلد برطانیہ کی شہریت مل جائے گی، عامر نے برٹش شہری اور وکیل نرجس خان سے شادی کی تھی، وہ سال 2020 سے برطانیہ میں مقیم ہیں اور پاسپورٹ ملنے کے بعد وہ انگلینڈ سے کھیلنے کے اہل بھی ہوجائیں گے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ 2024 میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے لیے کھیلیں گے؟ جس پر فاسٹ بولر نے کہا کہ میں انگلینڈ کے لئے نہیں کھیلوں گا، پاکستان کیلئے ہمیشہ حاضر رہوں گا۔

آئی پی ایل سے متعلق انہوں نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ابھی ایک سال باقی ہے، اس وقت منظرنامہ کیا ہوگا نہیں معلوم، مستقبل کے بارے میں کوئی نہیں جانتا۔ جب مجھے اپنا پاسپورٹ مل جائے گا، جو بھی بہترین موقع ہو گا اور جو بھی ملے گا، میں اس سے فائدہ اٹھاؤں گا۔

ریٹائرمنٹ واپس لینے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہوچکا ہوں واپسی کا کوئی ارادہ نہیں۔ بطور پروفیشنل کرکٹ کھیلتا ہوں۔


متعلقہ خبریں