ڈھاکہ: طاقتور ترین سمندری طوفان “موچا” آج بنگلہ دیش سے ٹکرانے کا امکان ہے اور حفاظتی اقدامات کے تحت لاکھوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ طوفان “موچا” گزشتہ دو دہائیوں میں آنے والے طوفان میں سب سے طاقتور ہو گا جس کی وجہ سے شدید تباہی ہونے کا خدشہ ہے۔
شدید طوفان کے باعث بنگلہ دیش کے ساحل پر موجود سب سے بڑے مہاجر کیمپ کے رہائشی 10 لاکھ افراد میں سے 5 لاکھ افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ساحل پر شدید بارشوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔
طوفان اتوار کو بنگلہ دیش کے کاکس بازار سے ٹکرائے گا جس کی وجہ سے 170 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی جبکہ سمندری لہریں 12 فٹ تک بلند ہوں گی۔
بنگلہ دیش کے ساحلی علاقوں میں سرخ جھنڈے لگا دیئے گئے ہیں جو خطرے کی علامت ہیں جبکہ ماہی گیروں کو سمندر میں جانے سے روک دیا گیا ہے۔