اسلام آباد، لاہور بار ایسوسی ایشنز کا ہڑتال کا اعلان

فائل فوٹو


اسلام آباد: لاہور و اسلام آباد بار ایسوسی ایشنز نے آج ہڑتال کا اعلان کر دیا۔

لاہور بار ایوسی ایشن نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے خلاف ہڑتال کا اعلان کیا۔ صدر لاہور بار رانا انتظار نے کہا کہ حکومت سیاسی انتقام میں اندھی ہوچکی ہے اور ہر صورت اپنے سیاسی حریفوں کو زیر کرنا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال ملک میں امن و امان خراب کر رہی ہے جبکہ عمران خان کی گرفتاری اور عدالت کے تقدس کی پامالی کی مذمت کرتے ہیں۔

صدر لاہور ہائیکورٹ بار اشتیاق اے چودھری نے کہا کہ ضمانت کے لیے آئے کسی بھی ملزم کو احاطہ عدالت سے گرفتار نہیں کیا جا سکتا اور لاہور ہائیکورٹ اس طرح گرفتاری کی مذمت کرتی ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد بار ایسوسی ایشن نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے عمران خان کی گرفتاری کے دوران عدالتی عملے اور وکلا پر تشدد کے خلاف احتجاج کا اعلان کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف کا احتجاج جاری رکھنے کا اعلان

سیکرٹری اسلام آباد بار ایسوسی ایشن رضوان شبیر کیانی نے آج عدالتی بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے ہائی کورٹ کی ڈائری برانچ میں شیشے توڑنے اور تشدد کے واقعے کی عدالتی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کر دیا۔

رضوان شبیر کیانی نے کہا کہ آئین پاکستان کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں کو غیر قانونی اقدامات سے باز رہنے کی وارننگ دیتے ہیں۔ عدلیہ اور وکلا آئین کے تحفظ کے لیے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہیں۔


متعلقہ خبریں