شاہد آفریدی نے افتخار احمد کو بوم بوم کا لقب دے دیا


سابق کرکٹر شاہد آفریدی نے قومی کرکٹ ٹیم کے بلے باز افتخار احمد کو بوم بوم قرار دے دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ ٹویٹ میں انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف افتخار احمد کی جارحانہ بلے بازی پر انہیں شاباشی دی۔ انہوں نے لکھا کہ افتخار آپ میرے لیے چاچا نہیں ہیں بلکہ آپ بوم بوم ہیں۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ میری خواہش تھی کہ آپ میچ ختم کرکے اپنی اس اننگز کو ایک یادگار اننگز بناتے لیکن مجموعی طور پر پوری ٹیم نے اچھا کھیلا اور اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملی۔ شائقین نے بھی کل کے میچ سے خوب لطف اٹھایا۔

سابق کرکٹر نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی کاوش کو بھی سراہا۔ ساتھ ہی نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے پاکستان آنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان لاہور میں کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی میچ میں افتخار احمد نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے صرف 24 گیندوں پر 200 سے زیادہ اسٹرائک ریٹ سے کھیلتے ہوئے 60 رنز بنائے۔

افتخار احمد کی بلے بازی قومی ٹیم کو میچ تو نہ جتوا سکی لیکن انہوں نے کرکٹ شائقین اور کئی کرکٹرز کے دل ضرور جیت لیے۔ یہی وجہ ہے کہ ٹوئٹر پر اس وقت افتخار احمد ٹاپ ٹرینڈ بنے ہوئے ہیں۔


متعلقہ خبریں