اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان ماضی کا حصہ بنتے جا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے عمران خان کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ عمران خان نے نوجوانوں اور عوام سے جھوٹ بولا، فراڈ کیا، دھوکا دیا اور ایک شخص نے اپنی حکومتیں خود گرائیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جن سہولت کاروں کی تسلیوں پر اسمبلیاں توڑی گئیں وہ دم توڑ رہے ہیں جبکہ عمران خان ماضی کا قصہ بنتے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: حکومتی جماعتوں کا الیکشن کیس سے متعلق تین رکنی بینچ پر عدم اعتماد کا اظہار
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایک شخص نے سہولت کاروں کے کہنے پر آئین توڑا اور کہتے تھے محسن نقوی نے میری حکومت کے خلاف عالمی سازش کی لیکن عمران خان اب کہتے ہیں محسن نقوی تشدد کر رہا ہے۔ پیٹرول بم برسانے والے دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان فارن فنڈنگ اور گھڑی چوری کی وجہ سے نااہل ہو گا، اب ملک کو تم جیسے فتنے اور فسادی سے نجات دلا کر دم لیں گے جبکہ نوجوان نسل کو تمہارے جیسے شر سے نجات دلائیں گے۔