ملک میں بارش، چھت گرنے سے2 بچے جاں بحق


اسلام آباد: پنجاب اور خیبر پختونخوا سمیت ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ تخت بھائی میں مکان کی چھت گرنے سے 2 بچے جاں بحق ہو گئے۔

پنجاب کے جڑواں شہروں سمیت مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ رات سے شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ صبح تک جاری رہا۔ لاہور، شیخوپورہ، چکوال، تلہ گنگ، سمیت بیشتر علاقوں میں مسلسل بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ کہیں کہیں ژالہ باری بھی ہوئی۔

بارش کے باعث مختلف شہروں میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری رہا جس کے باعث شہریوں کو سحری میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شیخوپورہ سمیت مختلف شہروں میں بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آ گئے۔

بھمبر آزاد کشمیراور گردونواح میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی اس دوران بجلی کی آنکھ مچولی بھی جاری رہی۔ وادی نیلم، اٹھ مقام اور گردونواح میں بارش جبکہ پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ لوات بالا، شاردہ، کیل گریس ویلی میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: 21 ارب روپے مالیت کے 6 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

موسلا دھار بارش کے باعث دریائے نیلم اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو گیا۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے خبردار کیا کہ لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے اس لیے سیاح اور شہری احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔

خیبر پختونخوا کے بھی بیشتر علاقوں میں رات بھر وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ تخت بھائی اور گردونواح میں شدید بارش کے باعث کمرے کی چھت گر گئی۔ جس کے ملبے تلے دب کر 2 بچے جاں بحق جبکہ اہلیہ اور خاوند شدید زخمی ہو گئے۔

بلوچستان کے بھی مختلف شہروں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہا۔ جس کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا۔


متعلقہ خبریں