سستا پیٹرول کیسے اور کتنا ملے گا ؟

Petrol

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ پیٹرول پر سبسڈی لینے کے لیے گاڑیوں کا مالکان کے نام پر رجسٹرد ہونا لازمی ہے۔

وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے سستے پیٹرول کی فراہمی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سبسڈائز پیٹرول سے متعلق پالیسی 6 ہفتوں میں نافذ ہو جائے گی اور موٹر سائیکل رکھنے والوں کو یومیہ 2 سے 3 لیٹر پیٹرول فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل اور چھوٹی گاڑی مالکان کو رجسٹریشن میسج بھیجا جائے گا جبکہ موٹر سائیکل والوں کو ماہانہ 21 لیٹر پیٹرول پر سبسڈی دی جائے گی۔

مصدق ملک نے کہا کہ موٹر سائیکل اور 800 سی سی گاڑی کو 50 روپے سستا پیٹرول ملے گا اور سبسڈی کے لیے صارفین کو رجسٹرڈ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ رجسٹرڈ صارفین کو شناختی کارڈ اور پاسپورٹ سے سبسڈی ملے گی جبکہ سبسڈی دینے کے لیے بینک کے ذریعے ایسکرو اکاونٹ کھولا جائے گا جس کے ذریعے سبسڈی کے لیے صارفین کی رجسٹریشن کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرول پر ایک روپے کی سبسڈی نہیں دے رہے، مصدق ملک

وزیر مملکت نے کہا کہ موٹر سائیکل اور چھوٹی گاڑی کے مالکان کو میسج بھیجیں گے کہ آپ رجسٹرڈ ہوچکے ہیں اور کتنا پیٹرول ملے گا اس کا تعین شناختی کارڈ اور او ٹی پی کے ذریعے ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حد سے زیادہ پیٹرول استعمال کیا گیا تو اصل قیمت سے بھی 50 روپے اضافی دینے پڑیں گے اور ہم چاہتے ہیں کہ لوگ بڑی گاڑیاں چھوڑ کر چھوٹی گاڑیاں استعمال کریں کیونکہ چھوٹی گاڑیاں استعمال ہوں گی تو پیٹرول کا بل کم اور ماحول کو بھی کم نقصان ہو گا۔


متعلقہ خبریں