پیٹرول پر ایک روپے کی سبسڈی نہیں دے رہے، مصدق ملک


اسلام آباد: وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ پیٹرول پر ایک روپے کی سبسڈی نہیں دے رہے۔

وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے ہم نیوز کے پروگرام “ہم مہر بخاری کے ساتھ” میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان پر قاتلانہ حملہ ہوا تو ہم نے مذمت کی اور اس وقت پنجاب میں اُن کی ہی حکومت تھی۔

انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کے خلاف بینرز اٹھا کر جس طرح کی گفتگو کی گئی اس پر سب کو تشویش ہے جبکہ تحریک انصاف کو کالعدم قرار دینے سے متعلق مجھے کوئی علم نہیں ہے اور میرے خیال میں ایسا ہو نہیں رہا۔

مصدق ملک نے کہا کہ عمران خان بین الاقوامی سطح پر اداروں کے خلاف مہم چلا رہے ہیں۔ ہماری ذمہ داری اسلام آباد کی حد تک ہے اور یہاں سرکاری گاڑیاں جلائی گئیں۔ عدالت عمران خان کو بلاتی ہے تو وہ نہیں آتا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پیٹرول کی قیمت میں وہی کیا ہے جو گیس کی قیمت میں کیا تھا، ہم نے امیر آدمی اور غریب آدمی کو علیحدہ کر دیا ہے۔ اب امیر آدمی سے زیادہ چارج کر رہے ہیں اور غریب سے کم چارج کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کولیگ نے باہر نکلنے کا اشارہ کیا تو سمجھ گیا یہ ٹریپ تھا، میں نے گاڑی باہر نکلوا دی، عمران خان

وزیر مملکت نے کہا کہ پیٹرول پر ایک روپے کی سبسڈی نہیں دے رہے بلکہ امیروں سے زیادہ پیسے لے کر اس سے غریبوں کیلئے کم پیسوں پر پیٹرول دیں گے جس سے ملک کے خزانہ پر صفر بوجھ پڑے گا۔


متعلقہ خبریں