عائشہ گلالئی کا چار خواجہ سراؤں کو پارٹی ٹکٹ دینے کا اعلان


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف گلالئی کی جانب سے چار خواجہ سراؤں کو عام انتخابات کے لیے ٹکٹ جاری کردیے گئے جبکہ پارٹی کی سربراہ عائشہ گلالئی نے عمران خان کے مقابلے میں انتخاب لڑنے کا اعلان کیا ہے۔

اسلام آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف گلالئی کی سربراہ عائشہ گلالئی نے چھ حلقوں سے انتخابات لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے مقابلے پر انتخاب لڑیں گی جبکہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے دو حلقوں میں بھی امیدوار کھڑے کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ خواجہ سراؤں کو دو قومی اور دو صوبائی نشستوں پر ٹکٹ دیے گئے ہیں، خواجہ سرا نایاب علی این اے 142 جبکہ ندیم کشش قومی اسمبلی کے حلقے 52 سے انتخاب لڑیں گے، لبنیٰ لعل پنجاب اسمبلی کی نشست 26 اور میڈم رانی خیبرپختونخوا کی نشست 40 سے انتخاب لڑیں گی۔

عائشہ گلالئی نے کہا کہ اسلام آباد سے طارق فضل چوہدری کے مقابلے پر بھی خواجہ سرا کو ٹکٹ دیا گیا ہے جبکہ تمام خواجہ سراؤں کو بغیر فیس کے ٹکٹ جاری کیے گئے ہیں۔

عائشہ گلالئی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف گلالئی نہ صرف پاکستان بلکہ مسلم دنیا کی پہلی سیاسی جماعت  ہے جس نے خواجہ سراؤں کے جمہوری اقدام میں شمولیت کیلئے قدم اٹھایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اور یورپ جیسے ممالک میں خواجہ سراؤں کو عزت دی جاتی ہے لیکن ہمارے ملک میں نہیں، یہاں اقلیتوں کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا جاتا۔

عائشہ گلالئی نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے خواجہ سراؤں کو حج اور عمرے کی اجازت نہیں دی جاتی، اس معاملے کو بھی اٹھایا جائے گا۔


متعلقہ خبریں