لاہور: نگران پنجاب حکومت نے لاہور بھر میں ایک بار پھر دفعہ 144 نافذ کر دی۔
نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں جلسے، جلوس اور ریلیاں نکالنے پر پابندی ہو گی جبکہ 12 مارچ کے لیے پنجاب حکومت نے ریلی نکالنے پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ لوگ عدالت جانا چاہتے ہیں تو جا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لاہور میں دفعہ 144 صرف ایک روز کے لیے لگائی گئی ہے اور اگر مزاحمت کی گئی تو دفعہ 144 کو آگے بڑھا دیا جائے گا۔
عامر میر نے کہا کہ امیدواروں کی حتمی فہرست جاری ہونے کے بعد انتخابی مہم شروع کی جاسکتی ہے اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے آج انتظامیہ کے مذاکرات ہوئے اور ریلی نہ نکالنے کا مشورہ دیا ہے اور ہمیں امید ہے تحریک انصاف قانون کو ہاتھ میں نہیں لے گی۔
انہوں نے کہا کہ لاہور میں آج پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا اہم میچ ہونے جا رہا ہے جبکہ لاہور میں آج میراتھون اور سائیکل ریس بھی ہو گی۔ پی ٹی آئی سربراہ نے آج اہم دن پر ایک ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے اور پی ٹی آئی نے گزشتہ ریلی بھی پی ایس ایل کے میچ والے دن نکالی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا ظل شاہ قتل کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کا مطالبہ
نگران وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہمارے لیے آج سب سے بڑا ایونٹ پاکستان سپرلیگ کا ہے اور میچ کے لیے ٹیموں کو اسٹیڈیم لانا اور پھر ہوٹل چھوڑنا ایک بڑا چیلنج ہے اس لیے ہماری درخواست ہے قانون کو ہاتھ میں لینے کی کوشش نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ 8 مارچ والی موت بھی پولیس کی وجہ سے نہیں ہوئی ہے جبکہ عمران خان، فواد چودھری اور یاسمین راشد بھی مان گئے کہ ظل شاہ کی موت ایک حادثہ تھا۔ پچھلی دفعہ سے زیادہ بہتر انتظامات اس بار آپ کو دیکھنے کو ملیں گے۔