عمران خان کے ہیلی کاپٹر اخراجات کی تفصیلات پیش


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دور میں عمران خان کے زیر استعمال ہیلی کاپٹر کے اخراجات کی تفصیلات سینیٹ میں پیش کر دی گئیں۔

عمران خان کے زیر استعمال ہیلی کاپٹر کے اخراجات کی تفصیلی رپورٹ کمانڈنگ آفیسر 6 ایوی ایشن اسکوارڈن نے سینیٹ میں پیش کی۔

دستاویزات کے مطابق 3 سال کے دوران عمران خان کے زیر استعمال ہیلی کاپٹر پر 43 کروڑ 44 لاکھ روپے کا خرچ آیا۔ ہیلی کاپٹر کے استعمال کی تفصیلات 2019 سے مارچ 2022 تک کی ہیں۔

ہیلی کاپٹر پر اخراجات کی مد میں 2 لاکھ 75 ہزار روپے فی گھنٹہ تخمینہ لگایا گیا جبکہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے ایک ہزار 579 اعشاریہ 8 گھنٹے ہیلی کاپٹر استعمال کیا۔

یہ بھی پڑھیں: نادرا نے بزرگ شہریوں کے مسئلے کا حل نکال لیا

2019 میں 497 سے زائد گھنٹے ہیلی کاپٹر استعمال کیا گیا اور ہیلی کاپٹر کے استعمال پر 131 اعشاریہ 94 ملین روپے کے اخراجات کا تخمینہ لگایا گیا جبکہ 2020 میں 522 گھنٹے کی مد میں اخراجات 143 ملین روپے سے زائد آئے۔

2021 میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے 450 گھنٹے ہیلی کاپٹر استعمال کیا اور سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال کی مد میں 123 ملین روپے کا تخمینہ لگایا گیا۔ جنوری 2022 سے مارچ 2022 تک ہیلی کاپٹر 127 گھنٹے استعمال ہوا اور اخراجات کا تخمینہ 35 ملین روپے سے زائد لگایا گیا۔


متعلقہ خبریں