پرویزمشرف کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بلاک کرنے کا حکم جاری

پرویزمشرف کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بلاک کرنے کا حکم جاری | Hum news.pk

اسلام آباد: وزارت داخلہ نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بلاک کرنے کا حکم جاری کردیا۔

’ہم نیوز‘ کو موصول اطلاعات کے مطابق وزارت داخلہ نے خصوصی عدالت کی ہدایت پرنادرا اور پاسپورٹ آفس کو حکم جاری کیا ہے، پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بلاک ہونے کے بعد پرویز مشرف سفر نہیں کرسکیں گے۔

سابق صدرجائیداد کی خرید و فروخت کی سہولت سے بھی محروم ہوجائیں گے اور وہ کسی قسم کی بینک ٹرانزیکشن بھی نہیں کرسکیں گے۔

پرویز مشرف مارچ 2016 میں علاج کے لیے ملک سے باہرچلے گئے تھے، ان کے خلاف تین نومبر2007 کو ہنگامی حالت نافذ کرنےاورآئین معطل کرنے پرآرٹیکل چھ  کے تحت مقدمہ درج ہے، آئین شکنی کے مقدمے میں پرویزمشرف پرفردجرم بھی عائد ہوچکی ہے۔

مقدمے کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت وزارت داخلہ کو حکم دے چکی ہے کہ پرویزمشرف کو گرفتار کرکے پیش کیا جائے، عدالت نے سابق صدرکی گرفتاری کے لیے انٹرپول سے رابطے کا حکم بھی دے رکھا ہے۔


متعلقہ خبریں