فٹ بال کی دنیا میں میسی کے ریکارڈ پر ریکارڈ


قطر میں جاری فٹ بال ورلڈ کپ 2022 کے فائنل میں ارجنٹینا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد  فرانس کو شکست دے کر 36 برس بعد دوبارہ فٹ بال کی دنیا کا حکمران بن گیا ہے۔

وہیں اسٹار میسی نے اپنے کئیریر کی طرح اس ایک ورلڈ کپ میں بھی کئی ریکارڈ اپنے نام کیے، سب سے پہلے میسی نے ورلڈکپ میں چھبیس میچز کھیل کر عالمی ریکارڈ بنایا جبکہ انیس میچز میں کپتانی کرنے والے واحد کھلاڑی بننے کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔

 ورلڈکپ میں سب سے زیادہ منٹ کھیلنے کا اعزاز بھی میسی کے نام رہا ہے۔

میسی فیفا ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ مین آف دی میچ ایوارڈ جیتنے والے کھلاڑی بھی بن گئے،  فائنل کے بھی بہترین کھلاڑی قرار پائے جبکہ قطر ورلڈ کپ میں پانچ اورمجموعی طور پر گیارہ مین آف دی میچ ایوارڈ جیتے۔

لیونل میسی پانچ ورلڈکپ کھیلنے والے دنیا کے چھٹے کھلاڑی بن گئے ہیں جبکہ انہوں نے ورلڈکپ میچز میں سترہ فتوحات کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ کے چیمپئنز، کب کون جیتا؟

میسی کی کامیابیوں کی فہرست میں سب سے بڑا اضافہ 2022 کا فیفا ورلڈ کپ اپنے نام کرنا ہے، میسی نے اس ورلڈ کپ کے  بہترین کھلاڑی کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

اس طرح انہوں نے دو بار یہ اعزاز اپنے نام کیا۔ اس قبل وہ 2014 کے ورلڈ کپ کے بھی بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے، میسی اور ارجنٹینا کی ٹیم نے 2021 میں کوپا امریکا کا ٹائٹل بھی اپنے نام کیا۔

وہ 2008 کے اولمپک مقابلوں میں گولڈ  میڈل جیتنے والی ارجنٹینا کی ٹیم کا بھی حصہ تھے، ارجنٹینا کی جس ٹیم نے 2005 کا یوتھ ورلڈ کپ جیتا، میسی اس ٹیم کا بھی حصہ تھے۔

لیونل میسی سات بار بیلون ڈی اور کا اعزاز بھی جیت چکے ہیں، انہوں نے اپنے ٹیم بارسلونا کو دس بار اسپینش لیگ یعنی لالیگا کا چیمپئن بھی بنوایا، لیونل میسی 15 بار ارجنٹینا کے سال کے بہترین فٹبالر بھی قرار دیئے گئے۔

وہ چھ بار یورپ میں سال میں سب سے زیادہ گول کرنے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں، انہوں نے اپنی ٹیم کو چار بار یوئیفا چیمپئنز لیگ کا ٹائٹل بھی جتوایا، فیفا ورلڈ کپ کا فائنل کھیلنے کے بعد میسی، ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ میچ کھیلنے والے کھلاڑی بھی بن گئے۔

وہ کسی بھی ورلڈ کپ کے ہر مرحلے میں گول اسکور کرنےوالے دنیا کے واحد کھلاڑی بھی ہیں۔


متعلقہ خبریں