لاہور: پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے نگراں وزیراعلیٰ کے لیے ناصر کھوسہ کا نام واپس لیے جانے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے ایئرپورٹ پر ہنگامی اجلاس کی صدارت کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں چیف سیکرٹری سمیت اعلی حکام شریک ہوئے جبکہ وزیراعلیٰ کی طلبی پر قانونی ٹیم نے بھی اجلاس میں شرکت کی، اجلاس میں پنجاب کے نگراں وزیراعلیٰ کے لئے مختلف ناموں پرغور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ تحریک انصاف کی جانب سے نام دے کر واپس لینا سمجھ سے بالا تر ہے، نگراں وزیر اعلیٰ کا نام مشاورت کے بعد فائنل کیا گیا تھا، ہم اپنی قانونی ٹیم سے مشاورت کے بعد اس بارے میں کوئی فیصلہ کریں گے۔
اس سے قبل بنی گالہ میں عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی کے کور گروپ کا اجلاس ہوا جس میں نگراں وزیراعلیٰ کے نام پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران پی ٹی آئی کے اہم رہنماؤں نے ناصر کھوسہ کے نام پر اپنے تحفظات بیان کیے جس کے بعد پی ٹی آئی نے نگراں وزیراعلیٰ کے لیے نامزد ناصر کھوسہ کا نام واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا، اس فیصلے کی تصدیق پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید نے کی۔