اسلام آباد: سرکاری دستاویزات کے مطابق وفاقی حکومت نے گزشتہ دو برسوں کے دوران پیٹرولیم لیوی کی مد میں ریکارڈ 2 ہزار 725 ارب روپے وصول کیے۔
اعداد و شمار کے مطابق اپریل 2024 سے مارچ 2026 کے درمیان پیٹرولیم لیوی کے ذریعے مجموعی طور پر 2 ہزار 725 ارب روپے جمع کیے گئے۔ جو ملکی معیشت کے تناظر میں ایک غیر معمولی مالی اضافہ قرار دیا جا رہا ہے۔
دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ یہ مجموعی وصولی عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے دونوں قرض پروگرامز کے مجموعی حجم سے بھی زیادہ ہے۔ جن کی مالیت موجودہ شرح تبادلہ کے مطابق تقریباً 2 ہزار 340 ارب روپے بنتی ہے۔
حکام کے مطابق صرف جاری مالی سال کے پہلے 9 ماہ یعنی جولائی 2025 سے مارچ 2026 تک پیٹرولیم لیوی کی مد میں ایک ہزار 205 ارب روپے سے زائد وصول کیے گئے۔
اسی طرح مالی سال 25-2024 میں حکومت نے اس مد میں تقریباً 1,220.21 ارب روپے جمع کیے، جبکہ اپریل سے جون 2024 کی سہ ماہی میں 299.63 ارب روپے پیٹرولیم لیوی کی صورت میں حاصل ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: سیمنٹ کی بوری مزید سستی ہوگئی
دستاویزات کے مطابق ایندھن پر عائد ٹیکسوں سے حکومتی آمدن میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
