ملکہ الزبتھ دوم کی وفات، کل ملک بھر میں سوگ منانے کا فیصلہ


اسلام آباد: ملکہ الزبتھ دوم کی وفات پر ملک بھر میں کل ایک روزہ سوگ منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے ملکہ برطانیہ کے وفات پر یوم سوگ منانے کی منظوری دے دی۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کل ملک بھر میں پاکستانی پرچم سرنگوں رہے گا۔

وزیر اعظم نے وزارت خارجہ کی تجویز کی منظوری دی اور کابینہ ڈویژن کو انتظامات کرنے کی ہدایت کر دی۔

وزارت خارجہ نے وزیر اعظم کو سرکاری سطح پر یوم سوگ منانے کی تجویز دی تھی۔

واضح رہے کہ ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم 8 ستمبر کو دنیا سے رخصت ہوگئیں۔ ان کی عمر 96 سال تھی۔ برطانوی حکومت کی جانب سے ملک میں دس روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا۔

ملکہ الزبتھ دوم برطانیہ کی سب سے طویل عرصے تک حکمرانی کرنے والی ملکہ تھیں۔ ان کی شادی شہزادہ فلپ کے ساتھ 1947 میں ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: 70 سال کا دور ختم ہوا، برطانوی شاہی خاندان کے خطابات بھی بدل گئے

ملکہ کی تدفین لندن برج آپریشن کے منصوبے کے تحت سر انجام پائے گی۔ ملکہ کی آخری رسومات دس روز بعد ویسٹ منسٹرا بے پر ادا کی جائیں گی اور ملکہ کی آخری رسومات کے وقت دو منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی جس کے بعد ملکہ کو کنگ جارج ششم میموریل چیپل ونڈزر میں سپرد خاک کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں